Published: 06-10-2018
وزیراعظم نے بلوچستان میں کینسر ہسپتال بنانے کا اعلان کردیا، عمران خان کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں کینسراسپتال کے قیام کیلیے ہرممکن کوشش کروں گا، شوکت خانم کینسر ہسپتال کے ماہرین کی مدد بھی لی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ملک میں ایک نئے شوکت خانم کینسر ہسپتال کی تعمیر کا اعلان کیا ہے۔دورہ بلوچستان کے سلسلے میں وزیراعظم عمران خان ہفتے کے روز کوئٹہ پہنچے۔ کوئٹہ میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران وزیراعظم عمران خان نے خصوصی خطاب کیا۔ اپنے خطاب کے دوران وزیراعظم عمران خان نے بلوچستان میں بھی کینسر ہسپتال بنانے کا اعلان کیا۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں کینسر ہسپتال کا قیام بے حد ضروری ہے۔بلوچستان کے لوگوں طویل سفر کرکے کینسر کے علاج کیلئے لاہور کے شوکت خانم کینسر ہسپتال جانا پڑتا ہے۔اسی لیے بلوچستان کے عوام کی سہولت کیلئے صوبے میں کینسر ہسپتال کا قیام ضروری ہے۔ وزیراعظم نے اعلان کیا ہے کہ وہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں شوکت خانم کینسر ہسپتال کی تعمیر کیلئے بھرپور کوشش کریں گے۔ کوئٹہ میں کینسر ہسپتال کی تعمیر کیلئے وہ شوکت خانم کینسر ہسپتال کے ماہرین کی مدد بھی لیں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے ہفتے کے روز آرمی چیف اور وزیراعلی بلوچستان کے ہمراہ سدرن کمانڈ ہیڈکوارٹر کا دورہ بھی کیا تھا۔اس دوران کمانڈر سدرن کمانڈ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے وزیراعظم،، وزیراعلی بلوچستان اور آرمی چیف کو بلوچستان کی امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی کابینہ کے اراکین بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے بلوچستان میں امن و امان کے قیام کیلئے پاک فوج اور سیکورٹی فورسز کے کردار کو سراہا۔