Published: 24-03-2020
کراچی:پوری دنیا میں دہشت پھیلانے والے کورونا وائرس نے پاکستان میں بھی پنجے گاڑ لیے ہیں اور اب تک ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد ساڑھے 600 کے قریب ہوگئی ہے۔
صورتحال اتنی تشویشناک اور گمبھیر ہوچکی ہے کہ فنکار بھی میدان میں آگئے ہیں اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں بلکہ وزیراعظم سے درخواست کرتے ہوئے اس صورتحال سے نمٹنے کے مشورے بھی دے رہے ہیں۔
علی ظفر
گلوکارواداکار علی ظفر نے کورونا وائرس کی وجہ سے ملک میں پیداہونے والی صورتحال کے حوالے سے ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انہوں نے حکومت سے ملک میں مکمل طور پر لاک ڈاؤن کرنے کی درخواست کی ہے۔ تاہم ایک طرف جہاں لوگوں کی حفاظت کے لیے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کی تجویز پیش کی جارہی ہے وہیں روزانہ اجرت پر کام کرنے والا مزدور طبقہ اس لاک ڈاؤن کے باعث شدید متاثر ہوگا۔ اس حوالے سے علی ظفر نے تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت، پاک افواج اور ہم لوگوں کو مل کر ایسی منصوبہ بندی کرنی ہے کہ روزانہ اجرت پر کام کرنے والے غریب طبقے کو گھر بیٹھے راشن پہنچایا جائے تاکہ وہ لوگ اس صورتحال میں گھروں سے باہر نہ نکلیں۔